شام پر اسرائیلی حملے سے شہری پروازیں متاثر ہوں گی۔ روس
روسی فوج نے شامی دارالحکومت دمشق کے قریب اسرائیل کی طرف سے ایک فضائی حملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شہری پروازیں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف کے مطابق 6 اسرائیلی ایف سولہ طیاروں نے اس وقت حملہ کیا جب 2 مسافر طیارے دمشق اور بیروت میں لینڈ کرنے والی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے ان جہازوں کے لیے براہ راست خطرہ پیدا ہو گیا۔ کوناشینکوف کے مطابق شامی فضائی دفاعی نظام نے اسرائیلی طیاروں کی طرف سے گرائے گئے 14 بموں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا جبکہ2 بم دمشق کے قریب ایک ملٹری ڈپو پر گرے جس کی وجہ سے 3 شامی فوجی زخمی ہوئے۔