تحریک انصاف کی 125دن کی حکومت میں 5لاکھ افراد کو بے روزگار کیا گیا۔احسن اقبال
مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ 125دنوں میں ملک کا جتنا نقصان ہوا وہ 10سالوں میں بھی نہیں ہوا، حکومت نے ان 125دنوں میں 5لاکھ افراد کو بے روزگار کر دیا ۔احسن اقبال سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے کوٹ لکھپت جیل پہنچے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جس لیڈر نے پاکستان کو وقار دیا وہ کوٹ لکھپت جیل میں ہے۔ان کا کہنا ہے کہ جس شخص نے سازش کی اور ملک کو دنیا کے سامنے بھکاری بنایا وہ ایوان وزیر اعظم میں بیٹھا ہے، مصنوعی قیادت بہت دیرتک نہیں چلے گی۔احسن اقبال کا مزیدکہنا ہے کہ پی ٹی آئی عوام کی چوائس نہیں ہے، مسلم لیگ نون میں کسی قسم کا پارٹی بحران موجود نہیں، ایسے فیصلوں سے نون لیگ کی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کم ترین اکثریت سے حکمرانی کر رہی ہے، حلیفوں کی مدد سے یہ پانچ چھ ارکان کی برتری سے حکومت کر رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ایک مناسب وقت اس حکومت کو دینا چاہتے ہیں، عمران خان یہ نہ کہیں کہ پی ٹی آئی جو دودھ اور شہد کی نہریں بہانا چاہتی تھی، اسے اپوزیشن نے موقع نہ دیا۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نوازشریف اور شہباز شریف اس ملک میں موجود ہیں،نون لیگ اپنی قیادت سے رابطے میں ہے،پارٹی میں کسی قسم کا قیادت کا بحران بھی نہیں ہے۔ان کا کہنا ہے کہ نون لیگ کی حمایت میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے، لوگ جان چکے ہیں کہ مسلم لیگ نون کو ٹارگٹ کرنے کے سوا ان کے پاس کوئی چارہ نہیں۔احسن اقبال نے استفسار کیا کہ بھارت اور بنگلا دیش میں تو جمہوریت چل سکتی ہے،کیا پاکستانی عوام میں کوئی تکنیکی خرابی ہے جو یہاں جمہوریت نہیں چل سکتی؟۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیے تھے اب وہ بھی جھولی اٹھا کر ان کے جانے کی دعائیں کر رہے ہیں۔