شاید سلیکٹڈ وزیراعظم کو پتہ نہیں کہ وفاق کی بنیادیں کتنی کمزور ہو چکی ہیں ,اگر ہمت ہے تو بے نامی وزیراعظم کی تفتیش کر کے دکھاؤ : بلاول بھٹو زرداری
نوڈیرو: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نیب کی پھرتیاں صرف اپوزیشن کے رہنماؤں کے لیے کیوں ہیں، اگر ہمت ہے تو بے نامی وزیراعظم کی تفتیش کر کے دکھاؤ۔گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میرے لیے اصل سرمایہ بے نظیر بھٹو کے جیالے ہیں جو 11 سال بعد بھی ان کی یاد کو زندہ کیے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تمام قوتوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تم سے اور تمہاری سازشوں سے، تمہارے جھوٹ سے لڑوں گا، تمہارے غرور کو تار تار کردوں گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ شاید سلیکٹڈ وزیراعظم کو پتہ نہیں کہ وفاق کی بنیادیں کتنی کمزور ہو چکی ہیں، کیا وجہ ہے کہ سندھ کے مفادات اور اعتراضات ردی کی ٹوکری میں پھینکے جا رہے ہیں۔