بے نظیر بھٹو شہید پاکستانی سیاست میں عزم وہمت اور جمہوری جدوجہد کی ناقابل فراموش مثال ہیں،مریم اورنگزیب
اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کو جمعرات کوان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید پاکستانی سیاست میں عزم وہمت اور جمہوری جدوجہد کی ناقابل فراموش مثال ہیں،ان کی زندگی پاکستان اور دنیا بھر کی خواتین کے لئے ہمت، جرات اور جذبے کی لازوال داستان ہے اپنے بیان میں ترجمان ن لیگ نے کہا کہ بی بی شہید نے پاکستان اور اسلامی دنیا کو پوری دنیا میں عزت دلائی، دفاع پاکستان سمیت ہر شعبے میں ان کے کارناموں کے انمٹ نقوش ہیں انہوں نے کہا کہ ایک خاتون کے طورپر بے نظیر بھٹو کی پامردی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی انہوں نے دعا کی اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے اور متعلقین کو صبرجمیل دے آمین