وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ کراچی آئے ہیں۔دورہ کراچی کے دوران وزیر اعظم عمران خان امن و امان اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔ عمران خان وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے صاحبزادے کی ولیمے کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت امن اور امان کی صورتحال پر گورنر ہاؤس میں اجلاس منعقد ہوگا۔ وزیراعظم ایس آئی ڈی سی ایل کے اجلاس سمیت کراچی کے میگا منصوبوں سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے۔عمران خان پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کے علاوہ کراچی کی تاجر برادری سے ملیں گے۔ جبکہ وزیراعظم پی ٹی آئی کے کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔