توہین عدالت کیس، وزیراعظم نے گواہوں کی طلبی کے لئے درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرادی ۔
سید یوسف رضا گیلانی کےوکیل اعتزازاحسن کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم اپنے سرکاری اختیارات ذاتی یا نجی حیثیت میں استعمال نہیں کرنا چاہتے۔ مقدمے کے گواہان وزیراعظم کے ماتحت ہیں جس کی وجہ سے مقدمہ کی شفافیت پر سوالات اٹھائے جاسکتے ہیں ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شفاف ٹرائل چاہتے ہیں اس لیے سپریم کورٹ سابق وزیر قانون بابراعوان، سیکرٹری دفاع نرگس سیٹھی اورسابق اٹارنی جنرل مسعود چشتی کوبطور گواہ طلب کرے اور تینوں گواہان کے بیانات قلمبند کرکے ان پر جرح بھی کی جائے۔ توہین عدالت کیس میں عدالت نے وزیراعظم کے وکیل کو شواہد جمع کرانے کے لیے ستائس فروری کی مہلت دی تھی تاہم ثبوت جمع کرانے کے بجائے وزیراعظم کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔ توہین عدالت کیس کی سماعت کل ہوگی جس میں درخواست کے زیر سماعت آنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ کیس میں وزیراعظم پر فرد جرم پہلے ہی عائد ہوچکی ہے جبکہ اٹارنی جنرل بطور استغاثہ شواہد بھی جمع کرواچکے ہیں۔