ناراض بلوچ رہنماؤں کو ہرصورت میں منائیں گے، پرویزمشرف کےریڈ وارنٹ کیلئےکارروائی جاری ہے۔ رحمان ملک
کراچی ایئرپورٹ پرمیڈیا سےگفتگو کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اورامن وامان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہوئی ہے۔ رحمن ملک نے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے ہماری مفاہمتی پالیسی جاری ہےجبکہ صدر مملکت کی ہدایت کی روشنی میں ناراض بلوچوں کو منائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں کوئی آپریشن نہیں ہورہا جبکہ صوبے کے حالات کی بہتری کے لئےاے پی سی بھی بلائی جارہی ہے. رحمن ملک نے کہا کہ چوری شدہ موبائل فونز کے حوالے سے قانون سازی کی جارہی ہے جس میں موبائل چوری کی سزا سات سال قیدمقرر کرنے کی تجویز زیرغور ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانی قیدیوں کی اپنے ملک منتقلی کے حوالے سے امارات حکام سے بات چیت کی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہا کہ ہم چار سال سے اسٹیبلشمنٹ سے مل کر کام کررہے ہیں جبکہ حساس اداروں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھی حکومت کی بہت زیادہ مدد کی ہے، رحمن ملک کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے ریڈ وارنٹس کے حوالے سے کارروائی جاری ہے جبکہ آئندہ بھی پیپلز پارٹی ہی حکومت بنائے گی۔