بھارت اگلے ماہ پاکستانی سرحد کے قریب بڑے پیمانے پر جنگی مشقیں شروع کرے گا جن میں بیس ہزار فوجی حصہ لیں گے۔
بھارتی فوج کے ترجمان کرنل جگدیپ دھیا نے غیرملکی نیوزایجنسی کو بتایا کہ بھارتی ریاست راجستھان کے صحرائی علاقے میں ہونے والی ان مشقوں میں بیس ہزارفوجی حصہ لیں گے۔ ترجمان کے مطابق مشقوں میں دوسو جدید روسی ساختہ ٹینک، جنگی طیارے، ہیلی کاپٹرز اورڈرونز بھی شامل ہوں گے۔ ان مشقوں کو شورویر یعنی دلیر جنگجو کانام دیا گیا ہےجوکہ اگلے ماہ کے آخر شروع ہوں گی۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ان مشقوں کے بارے میں پاکستان کو پیشگی اطلاع دی جائے گی۔