سپریم کورٹ نے نئی حد بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کی نظر ثانی کی درخواست مسترد کردی.حد بندیوں کا مردم شماری سے کوئی تعلق نہیں۔

سپریم کورٹ رجسٹری میں کراچی بدامنی کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نظر ثانی کی درخواست مسترد کر دی۔ جسٹس انورظہیرجمالی نے اس حوالے سے ریمارکس دیئے کہ حدبندیوں کا مردم شماری سے کوئی تعلق نہیں، اسمبلی کی سیٹیں بڑھانے یا گھٹانے کیلئے مردم شماری کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نئی حد بندیاں کرنے سے الیکشن ملتوی ہوسکتے ہیں جس پر جسٹس خلجی نے ریمارکس دیئے کہ خواب میں بھی الیکشن ملتوی کرنے کا جملہ بولنے کی اجازت نہیں دیں گے،،،وطن پارٹی کی درخواست پر آبزرویشن نہیں حلقہ بندی کا واضح حکم دیا تھا۔ جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کا حکم ماننا آپ کی آئینی ذمہ داری ہے، اگرعملی طورپرایسا نہیں کرسکتے تو اور بات ہے۔