پانچویں سالانہ سہ روزہ نظریہ پاکستان کانفرنس شروع ہو گئی،آئندہ نسل کو دو قومی نظریہ کی ترغیب نہ دینے تک مسائل حل نہیں ہوں گے. مجید نظامی

ایوان کارکنان لاہور میں کانفرنس کا آغاز چیئرمین پاکستان نظریہ ٹرسٹ مجید نظامی نے پرچم کشائی کرکے کیا،اس موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کا پیغام بھی سنایا گیا،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ مجید نظامی کا کہنا تھا کہ مسلمان ہندوؤں سے الگ قوم ہیں وہ بتوں کو پوجتے اور ہم بت شکن قوم ہیں،ان کا کہنا تھا کہ شیخ مجیب کی بیٹی بنگلہ دیش کے قیام کی مخالفت کرنے والے بزرگوں کو تلاش کرکے پھانسی دینا چاہتی ہے،کانفرنس سے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین ڈاکٹررفیق احمد ،کرنل ریٹائرڈ جمشید احمد ترین ،فنانس سیکریٹری میاں فاروق الطاف اور سید فصیح اقبال نے بھی خطاب کیا. دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں لاہور میں پانچویں سالانہ سہ روزہ کانفرنس کے انعقاد پر مجید نظامی اور ان کے رفقاء کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ایک انتہائی خوش آئند امر قراردیا،انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس وطن عزیز کی نظریاتی اساس کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ دعا ہے کہ کانفرنس اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب و کامران ہو، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ خوشی ہے کہ کانفرنس باقاعدہ روایت کی صورت اختیار کرچکی ہے قومی یکجہتی کے لیے اس نوعیت کی کانفرنسز کا انعقاد ایک قابل تحسین اقدام ہے،توقع ہے کہ کانفرنس قوم کی فکری رہنمائی میں اہم کردار ادا کرے گی۔