پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کے درمیان پہلا کوالیفائنگ فائنل کل کھیلا جائیگا۔
پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کے درمیان پہلا کوالیفائنگ فائنل منگل کوشارجہ میں کھیلا جائے گا۔ میچ نائٹ ہو گا اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہو گا۔ یو اے ای میں جاری پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا دوسرا ایڈیشن اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ میگا ایونٹ میں پہلا کوالیفائنگ فائنل ٹورنامنٹ کی ٹاپ ٹیم پشاور زلمی اور دوسرے نمبر پر رہنے والی کوئٹہ گلیڈیٹرز کے درمیان شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو بھی ٹیم جیتے گی وہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی تاہم ہارنے والی ٹیم کو فائنل میں جگہ بنانے کیلئے ایک اور موقع ملے گا اور وہ کوالیفائنگ ٹو کی فاتح ٹیم سے پنجہ آزما ہو گی۔ پشاور کی ٹیم ڈیرن سیمی کی قیادت میں میدان میں اترے گی اور اس کو بوم بوم آفریدی، شکیب الحسن، مارلون سیموئلز، کامران اکمل، تمیم اقبال، محمد حفیظ، وہاب ریاض جیسے بڑے ناموں کی خدمات حاصل ہوں گی۔ کوئٹہ گلیڈیٹرز کی قیادت کے فرائض سرفراز احمد انجام دیں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں کیون پیٹرسن، رئیلی روسو اور احمد شہزاد شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا کوالیفائنگ فائنل مصباح الحق کی اسلام آباد یونائیٹڈ اور سنگاکارا کی کراچی کنگز کے مابین پرسوں بدھ کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔