پاکستان نے بھارتی مواد کا بائیکاٹ کر دیا، ملکی سنیما گھروں میں اب بھارتی فلمیں نہیں چلیں گی
بھارتی دراندازی اور پروپیگنڈے کے بعد پاکستان نے بھارتی فلموں کا مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹیوٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی بھارتی فلم اب ریلیز نہیں ہو گی۔ وزیراطلاعات نے پیمرا کو بھی ہدایت کی ہے کہ بھارت میں بننے والے اشتہارات پر ایکشن لے جو پاکستان میں چلتے ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر کے علاقے میں دراندازی کی کوشش پر پاک فضائیہ نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بھارتی طیاروں کی دراندازی پر قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں عسکری حکام، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک شریک ہوئے تھے۔ اجلاس میں بھارتی موقف کو ردر کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا تھا کہ بھارتی طیاروں کی دراندازی کے جواب میں کارروائی کے لئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔ اجلاس میں پوری قوم کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان بھی کیا گیا تھا، اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی ،تینوں افواج کےسربراہان کی شرکت کریں گے جبکہ وزرائےخارجہ، دفاع، خزانہ اور دیگر سول و ملٹری حکام بھی شریک ہوں گے۔