ایرانی صدر کا جواد ظریف کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار

ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے گذشتہ روز سوشل میڈیا پر اپنے استعفے کا اعلان کیا تھا تاہم ایرانی صدر نے مسترد کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حسن روحانی جواد ظریف کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکاری ہیں۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر استعفے کا اعلان کرنے والے جواد ظریف کی کارکردگی سے مطمعن ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ ایرانی وزیر خارجہ مستعفی ہوں۔ دوسری جانب ایرانی پارلیمانی ارکان کی ایک بڑی تعداد نے صدر حسن روحانی کو لکھے گئے ایک ایسے خط پر دستخط کیے ہیں، جس میں ان سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ جواد ظریف کے استعفے کو قبول نہ کریں۔ جواد ظریف 2013ء سے ایرانی وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے اور عالمی برادری کے ساتھ 2015ء میں طے پانے والے تہران کے جوہری معاہدے کے طے پا جانے میں بھی انہوں نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔