کراچی:گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ پر نو گھنٹے بعدقابوپالیا
کراچی: شہر قائد کے علاقے گبول ٹاؤن میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ پر نو گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر کے تمام فائر ٹینڈرز کو جائے وقوع پر طلب کرلیا تھا۔ آگ بجھانے کے عمل میں کے ایم س، پاکستان نیوی اور کے پی ٹی کے فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اس وقت جائے وقوع پر کولنگ کا عمل جاری ہے۔ تقریباً دو گھنٹے قبل چیف فائر آفیسر تحسین احمد نے بتایا تھا کہ لگنے والی آگ پر 70 فیصد قابو پالیا ہے لیکن مکمل آگ بجھانے اور اس پر قابو پانے میں مزید دو گھنٹے لگیں گے۔ چیف فائر آفیسرکا کہنا تھا کہ فیکٹری کے اگلے حصے میں لگی آگ بجھا دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ فیکٹری کے پچھلے حصے میں لگی آگ کو بڑھنے سے روک لیا گیا ہے۔ سندھ کے صوبائی وزیربلدیات سعید غنی نے کہا تھا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے مزید فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے ہائیڈرنٹس اور ٹینکرز سیل کے افسران کو ہدایت کی تھی کہ وہ فوری طور پرمتاثرہ مقام پر پہنچیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ نیو کراچی کے علاقے گبول ٹاؤن کی ایک گارمنٹس فیکٹری میں ہونے والی آتشزدگی نہایت شدت اختیار کرگئی تھی۔ ابتدا میں آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں چھ فائر ٹینڈرز مصروف تھے۔ گارمنٹس فیکٹری سے ملنے والی اطلاع کے مطابق آتشزدگی کے باعث فیکٹری میں موجود دو مزدور زخمی بھی ہوئے ہیں۔