آج قومی کمانڈ اتھارٹی کے اجلاس میں بھارتی جارحیت کا جواب دینے پر غور کیا جائے گا

قومی کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس آج (بدھ) اسلام آباد میں ہو رہا ہے جس میں بھارتی جارحیت کا جواب دینے پر غور کیا جائے گا۔وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر خزانہ اسد عمر کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بلاجواز جارحیت کا مرتکب ہوا ہے اور وزیراعظم نے مسلح افواج سمیت تمام بااختیار قومی اداروں اور پاکستان کے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر قسم کے امکانات کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لئے وقت اور مقام کا انتخاب خود کرے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلام آباد میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں عالمی قیادت کے ساتھ روابط کے ذریعے علاقے میں غیرذمہ دارانہ بھارتی پالیسی کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم نے کسی جانی و مالی نقصان کے بغیر بھارتی حملے کی کوشش کو ناکام بنانے میں پاک فضائیہ کے بروقت اور موثر ردعمل کو سراہا۔