بھارتی جارحانہ کارروائی کے علاقائی امن و سلامتی پر شدید اثرات مرتب ہوں گے،وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز کے نام ایک خط میں بھارت کی طرف سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے تناظر میں خطے میں سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی جانب توجہ مبذول کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس جارحانہ کارروائی کے علاقائی امن و سلامتی پر شدید اثرات مرتب ہوں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی حکومت پلوامہ واقعے کے بعد دہشت گردی کی آڑ میں دھمکی آمیز بیانات دے رہی ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔شاہ محمود قریشی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان اپنے دفاع میں مناسب کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔وزیر خارجہ نے عالمی ادارے کے سربراہ پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک کو ان کے خط کے مندرجات سے آگاہ کریں۔وزیر خارجہ کے خط کی ایک کاپی اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے صدر کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔