مقبوضہ کشمیر میں بھارتی طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹس ہلاک
اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ جس میں دونوں پائلٹس ہلاک ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں بھارتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ بھارتی طیارے میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔ واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے سرحدوں کی دونوں جانب جنگی طیاروں کی پروازیں جاری ہیں۔ رواں ماہ کی 19 تاریخ کو بھی بھارت کے دو جنگی طیارے بنگلور میں تربیتی مشقوں کے دوران گر کر تباہ ہوئے تھے۔ جس میں ایک پائلٹ ہلاک اور دو افراد زخمی ہوئے تھے۔ طیارے ایئر شو کی ریہرسل کر رہے تھے اور فضا میں آپس میں ٹکرائے۔ بھارتی جنگی طیاروں کا ملبہ رہائشی آبادی کے قریب گرا تھا۔ قبل ازیں یکم فروری 2019 کو بھی بھارت کا لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا جس سے دو پائلٹس ہلاک ہوگئے تھے۔ یکم فروری کا حادثہ ریاست کرناٹک میں پیش آیا تھا جس میں لڑاکا طیارہ میراج 2000 اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد نامعلوم وجوہات کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔ 28 جنوری 2019 کو بھی بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ’جیوگر‘ گرکر تباہ ہوا تھا جس میں پائلٹ محفوظ رہا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لڑاکا طیارہ جیوگر اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد بے قابو ہوگیا اور ریاست اترپردیش کےعلاقے خوشی نگر کے جنگل میں گرکر تباہ ہوا۔