بھارتی قیادت حماقت پر مزید حماقت کی غلطی نہ کرے۔ سیاسی رہنما
پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی طیارے گرانے پر سیاسی رہنماں کی طرف سے حوصلہ افزا ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے شاہینوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ پاک فضائیہ نے اپنی تابندہ اور درخشاں روایات میں آج ایک اور روشن باب کا اضافہ کردیا ۔شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں دشمن پر فتح ونصرت عطا فرمائی، قوم سجدہ شکر بجا لائے، ہر جارحیت پر دشمن کو ایسا ہی دندان شکن جواب ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور ان پر بھرپور اعتماد رکھتی ہے، یہ بھارت کے لئے پیغام ہے کہ وہ جنگی جنون اور جنوبی ایشیا میں بدامنی کی منفی سوچ ترک کرے۔ بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اور امن و مذاکرات کی راہ اپنائے، بھارتی قیادت حماقت پر مزید حماقت کی غلطی نہ کرے۔عبدالعلیم خان نے پاک فوج کو طیارے گرانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم نے دو طیارے گرائے ہیں اگر لڑنا پڑا تو ہم پاک فوج کیساتھ کھڑے ہیں، پوری قوم پاک فوج کیساتھ ہے ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مودی کو ہر سطح پر جواب دیں گے، پوری پاکستانی قوم اور سیاسی و مذہبی جماعتیں پاکستانی سالمیت کیلئے متحد ہے۔