بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو یہ آخری پاک بھارت جنگ ہوگی،شیخ رشید احمد

وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ اگربھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو یہ آخری پاک بھارت جنگ ہوگی اورخطے کے ممالک بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیںرہیں گے ، وزیراعظم عمران خان اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے بہترین بیان دیا۔ پاک فضائیہ نے اپنی برتری برقرار رکھی ہے ۔ ریلوے میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ پاک فضائیہ نے 1965ء میں بھی اپنی برتری برقرار رکھی ۔بھارت میں کل خوشیاں منائی جارہی تھیں مگر آج وہ خاموش ہوگئے ہیں ۔ پاکستان جنگ نہیںچاہتا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بہترین پریس کانفرنس کی ہے۔ فوجی جنرل کی باتیں بھارت کو سمجھنی چاہئیں۔ اگربھارت حماقت سے باز نہ آیا اورمودی نے جنگ کی تو اس کے اثرات عالمی جنگ سے بھی خطرناک ہوںگے ۔ ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں ہے پاکستان ہے توہم ہیں ۔ ہماری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ عمران نے بھی اچھی بات کی ہے کہ جنگ شروع کرنا آسان ہے مگر اس کو ختم کرنا کسی کے بس میں نہیں ہے۔ ایک اعلیٰ سطح کی وزیراعظم کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے اس میں بھی کہا گیا ہے کہ جنگ مسئلہ کا حل نہیںہے اگر یہ جنگ ہوئی تو یہ پاکستان اوربھارت کے درمیان آخری جنگ ہوگی اور اس کے اثرات پاکستان اور بھارت تک محدود نہیں رہیں گے سارے پڑوسی ممالک کوبھی اس کی ہولناکی سے بچ نہیں سکیں گے ۔ ریلوے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور معمول کا آپریشن جاری ہے ہم فوج کی مدد کیلئے ہر وقت تیارہیں ۔ ریڈ الرٹ بھی جاری کیاہے۔