مصر میں ٹرین حادثہ، 20افراد ہلاک،40افراد زخمی , مصر ی وزیر ٹر انسپورٹ عہدے سے مستعفی
قاہرہ:مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے مرکزی اسٹیشن پر تیزرفتار بے قابو ٹرین تصادم کے بعد پٹری سے اترنے اور آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 20افراد ہلاک ہوگئے۔فرانسیسی میڈیا کے مطابق قاہرہ میں واقع رامسس اسٹیشن پر ہونے والے حادثے میں ٹرین کا تیزرفتار انجن ٹریک کے اختتام پر موجود بفرز سے ٹکرا گیا جس کے بعد آتشزدگی کے نتیجے میں 40سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔مصر کی وزارت صحت کے مطابق ٹرین حادثے کے نتیجے میں 20افراد ہلاک اور 40زخمی ہوئے۔قائرہ میں ہونے والے حادثے کے چند گھنٹے بعد مصر کے ٹر انسپورٹ کے وزیر نے عہدے سے استعفی دے دیا۔وائرل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ٹرین کی رفتار کم ہوئے بغیر اسے بیرئیر سے ٹکراتے ہوئے دیکھا گیا، اس دوران پلیٹ فارم پر چلنے والے افراد ٹرین کے ٹکر سے پیدا ہونے والے دھوئیں میں گھر گئے تھے۔حادثے سے متعلق وائرل ہونے والی دیگر تصاویر میں اسٹیشن میں کالے دھوئیں کو بادل کو اٹھتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد جائے حادثہ پر جل کر سیاہ ہونے والا سامان بکھرا ہوا تھا۔اسٹیشن کے اندر بنائی گئی علیحدہ فوٹیج میں ٹرین سے آگ بھڑکتے ہوئے دکھایا گیا جس میں قریبی پلیٹ فارم پر موجود افراد حادثے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے بھاگ دوڑ کررہے تھے۔طبی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایمبولینس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھیں ۔اس موقع پر مصر کے وزیراعظم مصطفی مدبولی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے فوری طور پر جائے حادثہ کا دورہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ غفلت میں ملوث شخص کا احتساب کیا جائے گا، جو کہ شدید ہوگا۔