بھارت سیاسی مقاصد کیلئے علاقائی امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بیلجیم کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ Didier Reyenders سے ٹیلی فون پررابطہ کیا اورخطے میں امن صورتحال پرتبادلہ خیال کیا ۔انہوں نے بیلجیم کے نائب وزیراعظم کوپلوامہ واقعے کے بعد بھارت کے جارحانہ عزائم کے بارے میں بتایا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت سیاسی مقاصد کیلئے علاقائی امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے خطے میں امن کے قیام کیلئے مذاکرات کرنے کیلئے بھارت کو کئی بار دعوت دی ہے ۔بیلجیم کے نائب وزیراعظم نے پاکستان اوربھارت پرزوردیا کہ وہ امن کے راستے کا انتخاب کریں اور مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل حل کریں۔انہوں نے کہاکہ بیلجیم امن کے قیام اور جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردارادا کرتا رہے گا