ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں کروناوائرس کے پہلے دومریضوں کی تصدیق کی
صحت کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹرظفرمرزانے ملک میں کروناوائرس کے پہلے دومریضوں کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے یہ بات کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ہمراہ ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔معاون خصوصی نے کہاکہ دونوں مریض ایران سے آئے، ظفرمرزا نے کہاکہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ دونوں مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے ملک میں کروناوائرس پھیلنے سے روکنے کے لئے بروقت موثر حفاظتی اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کوکروناوائرس کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پرآگاہ رکھاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اگرایران اورچین کاسفرکرنے والے شہریوں میں وائرس کی علامات ہیں تو انہیں طبی ماہرین سے رابطہ کرناچاہیے۔انہوں نے اپیل کی کہ کروناوائرس کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں مریض کو فوری طورپر صحت حکام، ڈاکٹروں یابراہ راست وزارت صحت کی ہیلپ لائن 1166پرآگاہ کرناچاہیے۔ظفرمرزا نے میڈیا پربھی زوردیاکہ لوگوں کو کروناوائرس کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے لئے اپنامثبت کردارادا کرے۔ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہاکہ وفاقی اورصوبائی حکومتوں کااس بارے میں یکساں موقف ہے اور وہ پاکستان کووائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے یکساں پالیسی پرعمل پیراہیں۔اس موقع پربلوچستان کے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم لوگوں کووائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں