ایران سے کراچی آنے والی غیر ملکی پرواز محفوظ مقام پر پارک، مسافروں کی اسکریننگ
کراچی: ایران سے کراچی آنے والی غیر ملکی پرواز کو برج پر لگانے پر پابندی لگا دی گئی تھی جس کے بعد یہ پرواز کراچی ایئرپورٹ پر محفوظ مقام پر پارک کر دیا گیا، اور مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایران سے کراچی آنے والے طیارے کو آئسولیٹڈ جگہ پر پارک کرایا گیا، ایئر پورٹ منیجر کا کہنا تھا کہ پرواز کو برج پر لگانے پر پابندی لگا دی گئی تھی، مسافروں کو سیڑھیوں کے ذریعے رن وے پر اتارا گیا۔ ایئر پورٹ منیجر کے مطابق محکمہ صحت کے عملے نے رن وے پر ہی تہران سے کراچی پہنچنے والی پرواز آئی آر 812 کے مسافروں کی اسکریننگ کی، حفاظتی اقدامات کے تحت ایمبولینس بھی طلب کی گئی، ہیلتھ ڈکلیئریشن کے ساتھ مسافروں سے سفری ڈیٹا بھی طلب کیا گیا۔ خیال رہے کہ 20 فروری کو تہران سے کراچی آنے والی پرواز کے مسافروں کا سفری ڈیٹا ایف آئی اے اور ایئر لائن سے طلب کر لیا گیا ہے، ڈیٹا محکمہ صحت اور سول ایوی ایشن کو فراہم کیا جائے گا۔