سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے داخلے پر پابندی لگا دی، ملک بھر میں مسافر پروازوں سے آف لوڈ
کراچی: سعودی عرب نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عمرہ زائرین کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی امور خارجہ نے کہا ہے کہ عمرے کے لیے سعودی عرب میں داخلہ عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے، یہ اقدام کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کیا جا رہا ہے۔ کرونا وائرس کے پیش نظر سعودی ایوی ایشن نے نئی پالیسی جاری کر دی، سیاحتی ویزے پر سعودی عرب کا سفر کرنے والوں کا داخلہ بھی معطل کر دیا گیا، ایران کے شہری بھی سعودی عرب میں داخل نہیں ہو سکیں گے، سیاحتی ویزے کے لیے ایران، چین، ہانگ کانگ اور اٹلی پر بھی پابندی لگا دی گئی، یہ پابندی غیر معینہ مدت کے لیے ہے۔ مراسلہ جاری ہونے پر اتحاد ایئر لائن نے 97 پاکستانی عمرہ زائرین کو آف لوڈ کر دیا، پی آئی اے اور غیر ملکی ائیر لائنز نے عمرہ زائرین سعودی عرب لے جانے سے انکار کر دیا ہے، کراچی سے جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز کو روک دیا گیا، سعودی عرب کی جانب سے پابندی لگانے پر پرواز سے عمرہ زائرین کو آف لوڈ کیا گیا، غیر ملکی ایئر لائنز نے نوٹس بھی جاری کر دیا، جس کی وجہ سے ایئر پورٹس پر عمرہ زائرین کا رش لگ گیا ہے، ایئر پورٹ پر عمرہ زائرین نے عملے سے تکرار اور احتجاج بھی کیا۔