کرونا وائرس:میئر کراچی نے متعلقہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی
شہر قائد میں ایک شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد مئیر کراچی وسیم اختر نے کے ایم سی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں میئرکراچی وسیم اختر نے کہا کہ کرونا وائرس کی شہر میں منتقلی کی رپورٹ میڈیا کے توسط سے معلوم ہوئی، متاثرہ شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد کے ایم سی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ میئر کراچی کا کہنا تھا کہ عباسی شہید ہسپتال، سرفراز رفیقی ہسپتال، لانڈھی میڈیکل کمپلیکس، اور گزدر آباد ہسپتال میں آئسولیشن وادڑ قائم کردیئے گئے ہیں،میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں اور تمام ڈاکٹرز ہسپتالوں میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ وسیم اختر نے اس موقع پر عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری ہجوم میں غیر ضروری جانے سے گریز کریں