امریکی جنگی طیاروں کی شام میں ایرانی ٹھکانوں پر بمباری، 17 جنگجو ہلاک
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی شام میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا پر حملہ کیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے مشرقی علاقے دیر الزور میں امریکی فضائیہ نے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے ٹھکانوں پر بمباری کی، فضائی حملے میں ایران نواز مسلح گروہ کے 17 جنگجو ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے امریکی فضائی حملوں میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے 17 جنگجوؤں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن کی ہدایت پر ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پر حملہ کیا گیا جو عراق میں امریکی فوجیوں پر کیے گئے حالیہ راکٹ حملے کا ردعمل ہے۔پینٹاگون حکام کے مطابق امریکی طیاروں نے ایرانی حمایت یافتہ ملٹری انفرااسٹرکچر پر 500 پونڈ کے 7 گائیڈڈ پریسیشن بم گرائے اور مسلح گروپ کی جانب سے اسلحے کی منتقلی سمیت 7 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے ان حملوں کی اجازت دی تھی۔