دہشت سے پاک اور محفوظ کراچی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے، کراچی کے عوام کے لیے پر امن اور بے خوف روز مرہ معمول یقینی بنایا جائے گا :آرمی چیف

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کراچی کور ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا اور سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی اجلاس کی سربراہی کی، پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں کور کمانڈر کراچی، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی رینجرز سندھ نے شرکت کی۔ جنرل راحیل شریف کو کراچی آپریشن اور خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی، جنرل راحیل شریف نے سکیورٹی صورتحال میں بہتری پر رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔۔۔انہوں نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو اکھاڑنے اور ان کے رابطے بے نقاب کرنے پر خفیہ ایجنسیوں کی کارکردگی کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ شہر سے باہر بھی ان کے ٹھکانے تباہ کیے جائیں۔ آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کو ہر حالت میں دہشت گردی سے پاک کیا جائے گا، شہر کا ماحول محفوظ بنانے اور لوگوں کی زندگیوں پرامن بنانے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔