بھارت پاکستانی فوبیا کا شکار ہوگیا، ایک غبارہ بھارت کے لئے درد سربن گیا، بھارتی وزیردفاع نےغبارہ پاکستان کی جانب سے بھیجے جانے کا الزام لگادیا

پہلے کبوتر بنے بھارتی فوج کیلئے درد سر اور اب راجستھان میں غبارے نے بھارت کو خوف میں مبتلا کررکھا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق یوم جمہوریہ کے دن راجستھان میں اچانک آسمان پرتین میٹرلمبا غبارہ نمودار ہوا، جو بھارتی فضائیہ کیلئے ایک بڑا مشن بن گیا، پریشانی میں مبتلا بھارتی ایئرفورس نے جنگی جہاز دوڑا دیئے، جنہوں نے کارروائی کرتے ہوئے غبارے کو مار گرایا۔ غبارے سے متعلق بات جب بھارت کے وزیردفاع منوہرپاریکر تک پہنچی تو وہ بھی بے چین ہوگئے، اور آخر کار روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ غبارہ پاکستانی علاقے سے بھارت میں داخل ہوا اور ممکنہ طور پر ہماری فضائی سیکیورٹی کو ٹیسٹ کرنے کیلئے چھوڑا گیا تھا۔ غبارے سے متعلق اس خبر اور بھارتی فضائیہ کی کارروائی کے بعد بھارتی شہری بھی حیرت میں مبتلا ہیں، ان کا کہنا ہے کہ غبارے کوگرانے کیلئے لڑاکا طیاروں کی کارروائی سمجھ سے بالاتر ہے۔