سید علی گیلانی کا شہدائے کپواڑہ کو خراج عقیدت،زندہ قومیں ان سرفروشوں کو سدا یاد کرتی ہیں۔
چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے شہدائے کپواڑہ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں ان سرفروشوں کو سدا یاد کرتی ہیں،جو جدوجہد آزادی میں اپنی عزیز جانوں کی قربانی پیش کرتے ہیں ۔انھوں نے 27جنوری کپواڑہ اور25جنوری ہندوارہ کے قتل عام واقعات کی کسی غیر جانبدار عالمی ادارے کے ذریعے سے تحقیقات کرانے کے اپنے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ فوج جموں و کشمیر میں سنگین قسم کے جنگی جرائم کا ارتکاب کرتی رہی ہے اور جب تک ان جنگی مجرموں کو عدالت کے کٹہرے تک لایا نہیں جاتا،اس خطے میں انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری رہے گااور غیر یقینی سیاسی صورت حال میں اضافہ ہوتا رہے گا ۔گیلانی نے کپوارہ سانحہ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان نہتے شہریوں کا اس کے سوا کوئی قصور نہیں تھا کہ انھوں نے بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریبات کا بائیکاٹ کیا تھا اور اس دن ہڑتال کی تھی ۔گیلانی نے شہداکپواڑہ کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور وعدہ بند ہیں کہ جب تک شہداکا مشن پورا نہیں ہوتا،ہماری جدوجہد ہر صورت میں اور ہر قیمت پر جاری و ساری رہے گی ۔ ادھر سید علی گیلانی نے 26جنوری کے دن مکمل ہڑتال کرنے کے لئے لوگوں کا دل کی عمیق گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ بھارت کے جبری قبضے کے خلاف سراپااحتجاج ہیں اور انہیں اس ملک کے قومی دن کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔