زنیب قتل کیس میں گرفتار ملزم عمران علی کے خلاف راولپنڈی میں ایک مقدمہ سامنے آگیا

ملزم عمران علی کیخلاف راولپنڈی کے تھانے میں درج مقدمے کا ریکارڈ سامنے آگیا۔ سفاک ملزم عمران علی نے راولپنڈی کے علاقے سید پور سے شادی شدہ خاتون کو اغواء کیا تھا۔ خاتون کو اغوا کرنے پر تھانہ بنی میں عمران علی کیخلاف مقدمہ درج ہوا تھا۔راولپنڈی پولیس نےعمران علی کیخلاف تیس اگست دوہزار سترہ کو مقدمہ نمبر تین سو چونسٹھ درج کیا تھا۔ خاتون کے اہلخانہ نے ملزم پر الزام عائد کیا تھا کہ عمران علی نےساتھی خاتون کے مدد سے مغوی کو اغوا کیا۔ پولیس نے کارروائی کرکے ملزم کو عمران علی کو گرفتار کرلیا تھا جس کے بعد مغوی خاتون کے اہلخانہ نے عمران علی کو معاف کردیا۔ خاتون کے اہلخانہ کی جانب سے معاف کرنے پرعمران علی نے تھانے میں جمع کرائی گئی تحریر میں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ اس نے خاتون کو اغوا کیا۔ عمران نے ضمانت کے طور پر پولیس کو پچاس ہزار کا ذاتی مچلکا بھی جمع کرایا تھا۔