پابندیوں کے باوجود ایرانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ
ایران پر پابندیوں کے باوجود 10 ماہ کے دوران اس کی تیل سے ہٹ کر مصنوعات کی برآمد میں قابل قدر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایران کے وزیر خزانہ فرہاد دیج پسند نے ملک کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے سرمایہ کاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران مخالف پابندیوں کے باوجود گزشتہ 10 ماہ میں تیل سے ہٹ کر ملکی مصنوعات کی برآمد میں اضافہ ہوا اور اس وقت ملک کی 85 فیصد درآمدات صرف خام مواد کے لیے ہوتی ہیں۔ایرانی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک کی تیل کی برآمدات کو صفر تک لانے کی دشمنوں کی سازشیں ناکام ہوئیں جبکہ تیل برآمدات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر مسلط کردہ8 سالہ جنگ کے دوران ایرانی قوم اپنی سرزمین کے ایک انچ سے پیچھے نہیں ہٹی اور آج بھی امریکا پابندیوں سے ایران کی معیشت کو ہرگز نقصان نہیں پہنچا سکا۔ ادھرایران کی غیرملکی تجارت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی مالیت پر مشتمل 12 ہزار ٹن قالین اور دستکاری کا سامان گذشتہ 9 مہینوں کے اندر برآمد کیا گیا ہے۔