مجھے سازشیں کرنے والوں کا علم ،عثمان بزدار بااختیار ،کیا پنجاب میں مارشل لا ایڈمنسٹریٹر لگا دوں: وزیراعظم
لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کو ہٹایا تو نئے وزیراعلیٰ کو بھی ایسے ہی ہٹا دیا جائے گا۔ نیا وزیراعلیٰ مقرر کیا گیا تو وہ 20 روز بھی نہیں چل سکے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت ارکان اسمبلی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اعلان کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میں عثمان بزدار کو کسی صورت ان کے عہدے سے نہیں ہٹاؤں گا۔ اجلاس میں شریک ذرائع کے مطابق رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ کو یہ سب اچھا کی رپورٹ دے رہے مگر حالات ٹھیک نہیں ہیں۔ بعض ارکان اسمبلی نے بتایا کہ پنجاب میں گورننس بہتر نہیں ہے۔ عثمان بزدار کو با اختیار بنایا جائے۔ جس پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ عثمان بزدار بااختیار ہے۔ اس سے زیادہ کیا پنجاب میں مارشل لا ایڈمنسٹریٹر لگا دوں۔ وزیراعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی پر واضح کر دیا کہ مجھے پتا ہے کہ سازش کون کر رہا ہے اور اس کے پیچھے کون ہے؟ وزیراعظم نے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے کہا کہ آپ سے ملاقات کا مقصد آپ کے حلقوں کے مسائل جاننا اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سےمتعلق رکاوٹوں کے حل کیلئے ہدایات دینا ہے۔