چین میں کرونا وائرس: 10 دنوں میں بڑا اسپتال تعمیر ہوگا
بیجنگ: چین میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 80 ہو گئی، چینی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس سے اب تک 2700 افراد متاثر ہو چکے ہیں، متاثرہ افراد کے لیے ووہان میں ایک بڑے اسپتال کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی ہے جو محض دس دنوں میں مکمل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مہلک وائرس کرونا نے چین میں 80 افراد کو لقمہ اجل بنا دیا ہے، وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اب تک ڈھائی ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، چینی صدر نے اعتراف کیا ہے کہ چین کو انتہائی خطرناک صورت حال کا سامنا ہے۔ امریکا میں بھی کرونا وائرس کا پانچواں کیس رپورٹ ہو گیا ہے، سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ کیسز میں آنے والے دنوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، امریکی محکمہ خارجہ نے چین میں مقیم امریکی شہریوں کو جلد چین سے نکلنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں، فرانس میں بھی 3 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ چینی شہر ووہان سے پھیلنے والے کرونا وائرس سے تاحال 11 ممالک متاثر ہو چکے ہیں، چین کے علاوہ دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی تعداد ایک ہزار کے قریب ہے۔