معاشرے میں انصاف کے بغیر خوشحالی نہیں آئے گی : وزیراعظم
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں فوجداری قانون میں اصلاحات سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے دیکھا کہ باہر ممالک کے لیگل سسٹم ٹیکنالوجی کی مدد سے بہتر ہوتے رہے جبکہ پاکستان کا سسٹم انگریز کے جانے کے بعد سے نیچے جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ طاقتور اور عوام کے لیے علیحدہ پاکستان بن گیا، طاقت ور ڈاکووں کو اس سسٹم نے فائدہ پہنچایا اور عام آدمی جیلوں میں بھرے جاتے رہے،کئی قیدیوں کا جرم صرف ان کی غربت ہے ، تعلیم اور انصاف کا سسٹم شروع سے خراب ہوتا رہا، پرائیوٹ انگریزی اسکول اوپر جاتے رہے اور گورنمنٹ اسکول زوال کا شکار ہوگئے ، اسی طرح سرکاری اسپتالوں کا حال بھی خراب ہوتا گیا اور پرائیوٹ اسپتال آتے گئے، امیر ملک سے باہر جاکر علاج کرانے لگے۔