جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس کے مرزا آصف جرال نے بھارت کے یوم جمہوریہ کے دن یوم سیاہ کی تقریب کا اہتمام کیا۔
جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس اور جسٹس فار کشمیر نے بھارتی سفارتخانہ میں احتجاجی یادداشت بھی پیش کی۔ پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) پیرس کے مقامی ریستوران میں جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس کے مرزا آصف جرال نے بھارت کے یوم جمہوریہ کے دن یوم سیاہ کی ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں کمیونٹی کے مختلف مکتبہ فکر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ یوم سیاہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس کے صدر مرزا آصف جرال نے کہا کہ بھارت کا یوم جمہوریہ کشمیریوں کے لئے یوم سیاہ ہے۔ ظلم و بربریت اور طاقت کے زور پر کشمیری عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنے والے غاصب ملک کو یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا آئین سیکولر ریاست کی بات کرتا ہے مگر وہاں اقلیتوں کے لیے زمین تنگ ہو چکی ہے اور وہ دوسرے درجے کے شہری بن کر رہ گئے ہیں۔ چھبیس جنوری کا سورج ایک ایسے بھارت پر طلوع ہوا جس کا شیرازہ بکھر رہا ہے۔ ہندوستان تقسیم ہو رہا ہے۔ خلفشار اور انتشار کا دوسرا نام مودی سرکار ہے۔ جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس کے مرزا آصف جرال اور جسٹس فار کشمیر کے چوہدری ذوالفقار احمد نگیال نے یوم سیاہ کے حوالے سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھارتی سفارت خانہ میں ایک یادداشت بھی پیش کی ۔ جس میں یہ کہا گیا کہ جب تک کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت نہ مل جائے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اور بھارت کو کشمیر سے اپنا جبری قبضہ ختم کرنا ہوگا۔