وزیراعظم عمران خان دورہ چین کے دوران چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے: وزیرخارجہ
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دورہ چین کے دوران چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے متوقع دورہ چین کے حوالے سے اہم بیان میں کہا ہےکہ ہماری خارجہ پالیسی کا فوکس، اقتصادی سفارت کاری پر ہے جس سے معاشی استحکام اور عام آدمی کی خوشحالی مقصود ہے۔انھوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے یقیناً سرمایہ کاری اور دو طرفہ تجارت خصوصی اہمیت کی حامل ہیں۔ ان سب موضوعات پرگفتگو ہوگی لیکن دورہ چین کا بنیادی مقصد، چین میں منعقدہ اولمپکس میں شریک ہونا ہے۔اپنے بیان میں وزیرخارجہ نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں. جس کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ چین کے ساتھ سی پیک سمیت مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے، سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے اورمعاشی استحکام کیلئے ہم نے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔