عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی فی بیرل قیمت ایک بار پھر نوے ڈالر کی سطح پر, پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کے دام بڑھنے کے امکانات بڑھ گئے۔

یورپین سینٹرل بینک کے صدرماریو ڈراگی کی جانب سے یورو کو مضبوط کرنے کے بیان کے بعد سے انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت بڑھنا شروع ہوگیئں امریکی منڈی میں خام تیل کی فی بیرل قیمت مزید چھیالیس سینٹ بڑھ کر نواسی ڈالر تینتالیس سینٹ ہوگئی۔لندن مارکیٹ میں بھی خام تیل ستمبر ڈیلیوری کے سودے ایک سو چھ ڈالر کی سطح پر ہوئے۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ چائنہ کی انڈسٹریل گروتھ میں بہتری، یورپ کے معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ کوششوں اور معاشی شرح نمو میں اضافے کی خبروں کے باعث خام تیل کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمت میں مسلسل اضافہ پاکستانی معیشت کے لیے خطرناک ثابت ہوگااور مستقبل میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔واضع رہے کہ پاکستان گزشتہ مالی سال خام تیل کی درآمد کر کے پندرہ ارب چوبیس کروڑ ڈالر سے زائد کا قیمتی زرمبادلہ خرچ کرچکا ہے۔