لندن اولمپکس کی رنگارنگ افتتاحی تقریب آج ہوگی ، دنیا بھرمیں ایک ارب سے زائد افراد رنگ و نور کی یہ محفل ٹی وی پر براہ راست دیکھیں گے۔

لندن اولمپکس کی تقریباً تین گھنٹے طویل افتتاحی تقریب پاکستانی وقت کےمطابق رات ایک بجے شروع ہوگی۔ جس میں امریکی خاتون اول مشعل اوباما سمیت سو سے زائد ملکوں کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔ تین سو دو طلائی تمغوں کی جنگ کے لیے سینکڑوں کھلاڑی میدانوں میں اتریں گے ان میڈلز کی رونمائی بھی کردی گئی ۔ عالمی سطح پرکھیلوں کےسب سےبڑے اجتماع کی عظیم الشان رنگارنگ افتتاحی تقریب اولمپک پارک میں رات گئے منعقد کی جائے گی۔ میگا ایونٹ کا افتتاح ملکہ ایلزبتھ کریں گی۔ افتتاحی تقریب کویادگاربنانے کی ذمہ داری آسکرایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ ڈائریکٹرڈینی بوائل کو دی گئی ہے۔ افتتاحی تقریب کے لئےاولمپک اسٹیڈیم کو گاؤں میں تبدیل کردیا جائے گا جس پرمجموعی طورپر بارہ کروڑ ستر لاکھ ڈالرز کے اخراجات آئیں گے۔ تین گھنٹے طویل دورانئے کی تقریب کے بعد دنیا بھر سے آنے والے دس ہزارپانچ سو ایتھلیٹس اسٹیڈیم میں پریڈ کریں گے اور آخر میں مشعل روشن کی جائے گی جس کےبعدزبردست آتش بازی کے ساتھ تقریب اپنے اختتام کو پہنچے گی۔ دنیا بھرمیں ایک ارب سے زائد افرادافتتاحی تقریب ٹی وی پردیکھیں گے۔