وفاقی حکومت نے گریڈ سترہ سے بائیس کے بیوروکریٹس کو ذاتی اور خاندان کے مکمل اثاثے پندرہ اگست تک ظاہر کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی وصوبائی حکومتوں کے گریڈ سترہ سے بائیس کے افسران کو آمدن اور اثاثوں کی مکمل تفصیلات کا نیا پرفارما جاری کردیا ہے۔ نئے احکامات کے تحت گزشتہ سات برسوں میں جمع کی گئی مال ودولت اور اثاثوں کی مکمل تفصیلات پندرہ اگست تک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھجوانا ہونگی۔ سرکاری دستاویزات کےمطابق پہلی مرتبہ بیوروکریٹس کو دیئےگئے تحائف، دینے والی شخصیات سمیت اُس سے تعلق کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ دستاویز میں کہاگیاہے کہ بیوی بچوں کے پرائیویٹ غیرملکی دورں، مجموعی آمدن، ملک کے اندر اور بیرون ملک تعلیمی اخراجات کی تفصیلات سمیت ذاتی، بیوی اور بچوں کے زیراستعمال گیس، بجلی اور موبائل ٹیلیفون کے اخراجات کی تفصیل بھی پیش کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سرکاری احکامات میں کہا گیاہے کہ وفاقی وصوبائی وزارتیں اور ڈویژنز حلف ناموں کےساتھ فارمز یکم ستمبر تک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو پہنچ جانے چاہئیں، اثاثے ظاہر کرنے سے انکار، چھپانے یا غلط اعدادوشمار دینے پر قانونی کارروائی ہوگی اور متعلقہ افسران کےخلاف احکامات کی خلاف ورزی پر ایس آر او دوہزار کے تحت آمدن و اثاثوں کی چھان بین اور نوکری سے معطلی سمیت دیگر سزائیں دی جاسکتی ہیں۔