نواز شریف نے 28 کروڑ نہ دیے تو جاتی امرا کی دیوار گرا دیں گے: وزیر داخلہ اعجاز شاہ

Jul 27, 2019 | 22:21

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نواز شریف نے 28 کروڑ روپے ادا نہ کئے تو جاتی امرا کی دیوار گرادی جائے گی۔ننکانہ صاحب میں میڈیا سے گفتگو میں اعجاز شاہ نے کہا کہ نواز شریف نے جاتی امرا کے گھر کی دیوار پر حکومتی خزانے سے 28 کروڑ روپے خرچ کئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی خزانے سے خرچ کئے گئے 28 کروڑ روپے نواز شریف سے واپس مانگ رہی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ نوازشریف اور زرداری نے اپنے ادوار میں قومی خزانے کوبہت نقصان پہنچایا۔ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے 2013 تا 2017ء کے دوران 92 غیر ملکی دورے کئے، جن پر 1 ارب 83 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔اعجاز شاہ نے یہ بھی کہا کہ سابق صدر آصف زرداری نے 134 دوروں پر ملکی خزانے سے 1 ارب 42 کروڑ 15 لاکھ روپے اُڑائے۔وزیر داخلہ نے منڈی فیض آباد میں ڈگری کالج برائے خواتین کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کالج کی تعمیر عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو آج پورا ہوا، سابق حکمرانوں نے خزانے کو نقصان پہنچایا، نواز شریف نے غیر ملکی دوروں پر ایک ارب 83 کروڑ 50 لاکھ خرچ کیے، آصف زرداری نے 134 دوروں پر ایک ارب 42 کروڑ 15 لاکھ خرچ کیے۔اعجاز شاہ کا کہنا تھا تعلیمی سہولیات کی فراہمی بچوں کا بنیادی حق ہے انہیں اس حق سے محروم نہیں ہونے دیں گے، گورنمنٹ ڈگری کالج منڈی فیض آباد میں 10 کلاس روم اور 10 لیبارٹریز کی سہولت موجود ہے، کالج کی عمارت کیلئے مخیر حضرات کی طرف سے مہیا کی جانیوالی 8 کنال اراضی پر ان کا شکر گزار ہوں، ڈگری کالج برائے خواتین منڈی فیض آباد کی تعمیر میں کل 9 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت آئی۔ تقریب میں نواز شریف اور آصف زرداری کے دوروں کے اخراجات کی کاپیاں بھی تقسیم کی گئیں۔

مزیدخبریں