وزیرتعلیم کا ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور
تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر شفقت محمود نے تعلیم کی راہ میں حائل مشکلات کے خاتمے کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کے روز اسلام آباد میں ملک میں ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے Ed-Tech کے شراکت داروں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے سرکاری و نجی شعبوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے عظیم مقصد کے فروغ کے لئے مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی تعلیم آن لائن مواد مرتب کرنے، اساتذہ کی تربیت، دیہی علاقوں کے سکولوں کی ترقی اور طلبہ و اساتذہ کی نگرانی میں مددگار ہو گی۔