پنجاب میں گورنر راج کی سمری پر کام شروع کر دیا ہے: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی پنجاب میں گورنر راج لگانے کی دھمکی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں گورنر راج کی سمری پر کام شروع کر دیا ہے اور اگر پنجاب میں میرے داخلے پر پابندی لگی تو گورنر راج کیلئے جواز کافی ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر جو گفتگو ہو رہی ہے اس پر افسردہ ہوں اور موجودہ سیاسی حالات پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث ڈالر مہنگا ہو رہا ہے اور سٹاک مارکیٹ گر رہی ہے جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے سیاسی صورتحال مزید خراب ہوئی ہے، مسلم لیگ (ن) الیکشن کرانے جا رہی تھی مگر اتحادیوں نے موجودہ حالات میں انتخابات میں نہ جانے کا مشورہ دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عدلیہ کا احترام ہر معاشرے کیلئے لازمی ہے اور آزاد اور غیر جانبدارانہ عدلیہ ہر معاشرے کی ضرورت ہے جبکہ غیر جانبدار عدلیہ کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گورنر راج کی سمری پر کام شروع کر دیا ہے اور اس کی سمری وزارت داخلہ میں تیار ہو رہی ہے، پنجاب میں میرے داخلے پر پابندی لگی تو گورنر راج کیلئے جواز کافی ہو گا۔