2018 کا الیکشن , دھاندلی کی پیداوار حکومت کو ملک پر مسلط کیا گیا , میرے سینے میں ایسے راز ہیں جو نہیں اگلوں گا : وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ ایوان ماں کی طرح ہے آئین اسی ماں کی گود سے نکلا ہے ۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آئین نے ہی دنیا بھر میں پاکستان کو متحد اور مضبوط ملک پیش کیا ، آنے والے وقت میں بھی یہ آئین رہنمائی کرتا رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 75 سال آئین کے ساتھ کھلواڑ ہوتا رہا ۔ 75 سال گزر گئے لیکن ابھی تک ہم نے اپنا راستہ متعین نہیں کیا ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے متفقہ فیصلہ کیا کہ ریاست کو بچانا ہے ، سیاست چلتی رہے گی ۔ ہم سب نے ملکر ملک کو بچانا ہے ۔ آئین کے اندر رہ کر سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ جانتا تھا حکومت پھولوں کی سٹیج نہیں کانٹوں کا سفر ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2018 کا الیکشن تاریخ کا بدترین انتخاب تھا ، جس میں دھاندلی کی پیداوار حکومت کو ملک پر مسلط کیا گیا ۔ عمران نیازی کی حکومت میں دوست ممالک کو ناراض کیا گیا ۔ میرے سینے میں ایسے راز ہیں جو نہیں اگلوں گا ۔ یہ کہتے ہیں ہماری حکومت امپورٹڈ ہے ۔ لیکن وہ کون تھا جس نے ٹرمپ سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ میں ایک اور ورلڈ کپ جیت آیا ہوں ۔