پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بحال کر دیں گے:فرخ حبیب

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے صوبہ پنجاب میں ہیلتھ کارڈ، احساس پروگرام، شیلٹرز اور دیگر فلاحی کاموں کی فوری بحالی کی ہدایت کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں بدھ کو عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس بنی گالہ میں ہوا جس میں تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ اس موقع پر فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان آج (جمعرات) لاہور کا دورہ کریں گے اور نو منتخب پنجاب سے متعلق اہم فیصلے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ عوام کی مشکلات میں کمی کے لیے فلاح و بہبود کے منصوبوں کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے تمام ریاستی اداروں کو تباہ کر دیا اور پنجاب میں ہیلتھ کارڈ کو بیک برنر پر ڈال دیا، جسے فوری طور پر بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے سبطین خان کا نام فائنل کر لیا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنے کا تاریخی فیصلہ دیا،مخلوط حکومت کو سیاسی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نئے قائد ہیں، کیونکہ ان کے مشوروں کی وجہ سے پارٹی کو مسلسل ذلت اور رسوائی کا سامنا ہے۔