سپریم کورٹ نے این آر او عمل درآمد کیس میں سوئس حکام کو خط لکھنے کے حوالے سے وزیر اعظم سے جواب طلب کرلیا۔

این آراوعملدرآمد کیس کی سماعت جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ کیس کی سماعت کے دوران جسٹس ناصر المک کا کہنا تھا کہ سوئس حکام کو خط لکھنے کے معاملے پر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ سابق وزیر اعظم کو اسی کیس میں سزا ہوئی۔ توقع ہے کہ نئے وزیراعظم عدالتی حکم نامے پرعمل درآمد کرینگے۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ وہ وزیر اعظم سے پوچھ کرعدالت کو آگاہ کریں، ملک قیوم کے وکیل وسیم سجاد نے بتایا کہ ملک قیوم نیب تفتیش میں شامل ہوگئے ہیں تاہم ابھی تک وہ لندن کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن نے اس کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب احمد ریاض اور عدنان خواجہ کے وکیل ڈاکٹر عبدالباسط نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکلین نے سزائیں بھگت لیں، جرمانے ادا کردیے اور انہیں نوکریوں سے بھی فارغ کردیا گیا ہے لہذا عدالت ان کے خلاف مقدمات ختم کرے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ نیب رپورٹ آنے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ سماعت بارہ جولائی تک ملتوی کردی گئی ہے۔