ڈینگی کی ممکنہ وبا سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل کرلئے جبکہ اس کی روک تھام کے لئے معاشرے کا اشتراک بہت ضروری ہے۔ شہباز شریف
وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیر صدارت مینار پاکستان ٹینٹ آفس میں ڈینگی کی ممکنہ وبا سے نمٹنے کے لیے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پروزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈینگی کی وبا سے نمٹنے کے لئے انتطامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بہترین انتظامات کردئے گئے ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی ٹیسٹ کی فیس نوے روپے مقرر ہے اور اس پر پوری طرح عملدرآمد کرایا جائے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے معاشرے کا اشتراک بہت ضروری ہے جبکہ عوام کی آگاہی کیلئے مہم بھی چلائی جارہی ہے۔ اس موقع پرکمشنر لاہورجوادرفیق نے بتایا کہ سرویلنس کا عمل جاری ہے اورابھی تک کہیں بھی ڈینگی لاروے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ اجلاس میں معاون خصوصی خواجہ سلمان رفیق،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،مختلف محکموں کے سیکرٹریز، پروفیسرڈاکٹر فیصل مسعود ،ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ،ماہرین اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔