ملک کے بعض حصوں میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ زیادہ ترعلاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اورگرم رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور،کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، سکھر، لاڑکانہ،میرپورخاص دویژن، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پربارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے کے علاوہ بعض مقامات پر ہلکی بارش کی توقع ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی اوروسطی پنجاب، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چندایک مقامات پربارش ہوئی،سب سے زیادہ بارش سیالکوٹ میں نوملی میٹرریکارڈکی گئی جبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ گرمی سبی اور جیکب آباد میں پڑی جہاں درجہ حرارت چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔