افغانستان میں ایساف فوج کے کمانڈر جنرل جان ایلن نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کی،پاک فوج کے سربراہ نے سرحد کے دوسری طرف شرپسندوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔
راولپنڈی میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے افغانستان میں ایساف فورسز کے کمانڈر جنرل جان ایلن نے ملاقات کی۔عسکری ذرائع کے مطابق ملاقات میں خطے میں امن امان کی صورتحال سمیت دوطرفہ اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقعے پر جنرل کیانی نے جنرل جان ایلن سے مطالبہ کیا کہ وہ سرحد کے دوسری طرف موجود شرپسندوں کے خلاف بھرپور کاروائی کریں انہوں نے واضح کیا کہ لوئردیر جیسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے۔عسکری ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاک افغان سرحدی امورپرتفصیلی تبادلہ خیال اورسکیورٹی مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔