برطانیہ میں جاری ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں پاکستانی سٹار اعصام الحق مینز ڈبل کے ایونٹ میں آج اپنا پہلا میچ کھیلیں گے

برطانیہ میں جاری ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبل کے ایونٹ میں پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق اوران کے پارٹنر ہالینڈ کے یولین راجر آج اپنا پہلا میچ کھیلیں گے۔ پاک ڈچ جوڑی پہلے راؤنڈ میں برطانوی جوڑی کھلاڑی جوشوا گڈال اورجیمز وارڈ کے ساتھ مدمقابل ہوگی ۔ ادھر مینز سنگل کے مقابلوں میں عالمی نمبر دو سپین کے رافیل ندال نے برازیلین حریف تھامس بیلوچی کو شکست دے دی۔ سپینش کھلاڑی نے سات چھ، چھ دو اور چھ تین سے میچ اپنے نام کیا۔ اگلے راؤنڈ میں رافیل ندال جمہوریہ چیک کے کھلاڑی لوکاس روسول کا سامنا کریں گے۔ دوسری جانب خواتین کے مقابلوں میں عالمی نمبر چارجمہوریہ چیک کی کھلاڑی پیٹرا کوویتوا نے ازبک کھلاڑی اکگل امان مورادووا کو سٹریٹ سیٹس میں چھ چار اور چھ چار سے شکست دے دی۔ جبکہ چار مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والی امریکی کھلاڑی سرینا ولیمز نے چیک کھلاڑی باربرا کو سٹریٹ سیٹس میں چھ دو اور چھ چار سے ہراکر اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔