این اے53:عمران خان ایپلٹ ٹریبونل میں پیش، نامزدگی فارم مکمل کرلیا
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ کے اپلیٹ ٹربیونل کے جج جسٹس محسن اختر کیانی کے سامنے پیش ہوگئے ۔ عمران خان اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ اپلیٹ ٹربیونل کے سامنے پیش ہوئے ۔ اپلیٹ ٹربیونل نے عمران خان کو ذاتی طور پر طلب کیا تھا اور کاغذات نامزدگی کی شق این پر کرنے کاحکم دیا تھا ۔ شق این حلقہ میں ترقیاتی کام کروانے اور دیگر کارہائے نمایاں سرانجام دینے سے متعلق ہے ۔ عمران خان نے اس شق کو خالی چھوڑ دیا تھا ۔ بدھ کے روز عمران خان نے ٹربیونل کے سامنے پیش ہو کر فارم این میں تین چیزیں پر کیں ۔ عمران خان نے لکھا کہ انہوں نے کینسر کے مریضوں کے لیے شوکت خانم ہسپتال بنایا ۔ عمران خان نے مزید لکھا کہ انہوں نے میانوالی میں نمل یونیورسٹی بنائی ۔ جبکہ عمران خان نے یہ بھی لکھا کہ انہوں نے عوام کو آئینی حقوق کی جدوجہد کرنے کا شعور دیا ۔ عمران خان بیان حلفی کی شق این پر کرنے کے بعد اپلیٹ ٹربیونل سے واپس بنی گالہ روانہ ہوگئے ۔